نئی دہلی، 14اگست2017۔وزیر اعظم جناب نریندر مودی آزادی کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر کل لال قلعہ کے فصیل سے قومی پرچم لہرائیں گے۔قومی پرچم لہرائے جانے کے بعد وزیر اعظم جناب نریندر مودی قوم خطاب کریں گے۔
لال قلعہ کے لاہوری گیٹ پہنچنے پر وزیر دفاع جناب ارون جیٹلی، دفاع کے وزیر مملکت جناب ڈاکٹر سبھاش بھامرے اور دفاع کے سیکریٹری جناب سنجے مترا وزیر اعظم کا خیر مقدم کریں گے۔
دفاع کے سیکریٹری جناب مترا دہلی ایریا کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل جناب منوج مکند سے وزیر اعظم کا تعارف کرائیں گے اس کے بعد جنرل آفیسر کمانڈنگ سلامی منچ کے لئے وزیر اعظم کو لے جائیں گے جہاں وزیر اعظم کو ایک مشترکہ بین خدمات اور پولس گارڈ سلامی پیش کریں گے۔اس کے بعد جناب نریندر مودی گاڈ آف آنر کا معائنہ کریں گے۔
وزیر اعظم کے لیے گارڈ اف آنر کا دستہ ایک افسر اور فوج ، بحریہ، فضائیہ اور دہلی پولس کے 24،24 اہلکاروں پر مشتمل ہوگا۔
اس سال ہندوستانی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل دھیرج سنگھ گارڈ آف آنر کی کمان کریں گے۔وزیر اعظم کے گارڈ میں فوجی دستے کی کمان میجر سورو گوسوامی سنبھالیں گے۔لیفٹیننٹ کوموڈور وی وی کرشنن بحری دستے جبکہ اسکوارڈن لیڈر سلیل شرما فضائیہ دستے کی کمان سنبھالیں گے اور اے سی پی انکت چوہان دہلی پولس دستے کی رہنمائی کریں گے۔
وزیر اعظم کے گارڈ کے لئے فوجی دستہ آٹھویں جموں کشمیر لائٹ انفینٹری (سیاچن) سے لیا گیا ہے۔گارڈ آف آنر کا معائنہ کرنے کے بعد لال قلعہ کی فصیل کی طرف روانہ ہوں گے جہاں ان کا وزیر دفاع ارون جیٹلی ، دفاع کے وزیر مملکت جناب سبھاش بھامرے، فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل بی ایس دھنوا، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل سنیل لامبا استقبال کریں گے۔جنرل آفیسر کمانڈنگ دہلی ایریا وزیر اعظم کو قومی پرچم لہرانے کے لئے ڈائس کی طرف لے جائیں گے۔
قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ہی 2281 فیلڈ ریجمنٹ کے بہادر توپ چی 21 توپوں کی سلامی دیں گے۔
وزیر اعظم کی طرف سے قومی پرچم لہرانے کے وقت فوج بحریہ اور ایئر فورس کے علاوہ دہلی پولس کے 32، 32 اہلکاروں اور ایک ایک آفیسر مشتمل نیشنل فلیگ گارڈ راشٹریہ سیلیوٹ پیش کرے گا۔اس بین خدمات گارڈ اور پولس گارڈ کی کمان بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل ساکیت بھاردواج کریں گے۔
فوجی بینڈ اس وقت قومی ترانہ بجائے گاجب نیشنل گارڈ راشٹریہ سیلیوٹ پیش کرے گا، جبکہ وزیر اعظم قومی پرچم لہرائیں گے۔ سبھی سروس کے عملے کے باوردی اہلکار سیلیوٹ پیش کریں گے۔اس بینڈ کی کمان گڑھوال رائفلز ریجمنٹ سینٹرکے فوجی بینڈ کے صوبیدار میجر بھاسکر سنگھ راوت کریں گے۔
قومی ترنگا لہرانے کے بعد وزیر اعظم قوم سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم کے خطاب کے بعد اسکولی بچے اور این سی سی کیڈٹس قومی ترانہ گائیں گے۔فوج ، بحریہ اور فضائیہ ونگز پر مشتمل دہلی ڈائریکٹوریٹ کے مختلف اسکولوں سے این سی سی کے 700 کیڈٹ اس سال قومی پرچم لہرانے کی تقریب میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ کیڈٹس اسکولی بچوں کے ساتھ حب الوطنی کے نغمے اور قومی ترانہ گائے جانے کی تقریب میں حصہ لیں گے۔دہلی گورنمنٹ کے ڈائریکٹوریٹ ایجوکیشن کے 37 اسکولوں کی 3500 طالبات اور 5000طلباء قومی ترانہ گائیں گے۔تقریبات کے دوران مختلف علاقائی زبانوں میں بھی یہ طلباء حب الوطنی کے گیت گائیں گے۔ اس موقع پر یہ اسکولی بچے اس طرح کھڑے ہوں گے کہ بھارت کی تصویر دکھائی دے گی۔
U- 4008