وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کے شایان شان حق دلایا: رام ولاس پاسوان
صارفین کے اُمور ، خوراک اور عوامی نظام تقسیم کے مرکزی وزیر جناب رام ولاس پاسوان نے وزارت کے افسران اور سارے عملے کو نئی دہلی کے کرشی بھون میں راشٹریہ ایکتا دیوس کے موقع پر راشٹریہ ایکتا حلف دلایا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب رام ولاس پاسوان نے ملک کے اتحاد اور یگانگت کی حفاظت کرنے میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے رول کو سراہا اور سبھی سے زور دیکر کہا کہ وہ اس عظیم رہنما کو اس کی پوری شان وشوکت کے ساتھ یاد رکھیں۔
راشٹریہ ایکتا حلف دلانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب پاسوان نے زور دیکر کہا کہ سردار پٹیل ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے بھارت کی جدوجہد آزادی میں بڑا رول ادا کیا اور انہیں آزاد بھارت کے ایک ایسے معمار کے طور پر جانا جاتا ہے جس نے 550 سے زیادہ رجواڑے والی ریاستوں کو متحد کرکے ایک متحد بھارت تعمیر کیا۔ آج ایک احسان مند قوم اس عظیم شخص کو اس انداز میں خراج عقیدت پیش کرتی ہے جو اس کا شایان شان ہے۔
جناب پاسوان نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے سردار پٹیل کو بھارت کو متحد کرنے میں ان کے رول کے لئے انہیں اعزاز بخشنے کے مقصد سے گجرات میں اسٹیچو آف یونٹی نصب کرکے بھارت کی تاریخ میں ان کا شایان شان مرتبہ عطا کیا۔ سردار پٹیل کو اعزاز بخشنے میں حکومت کے رول کو سراہتے ہوئے جناب پاسوان نے کہا کہ سردار پٹیل کو جدید بھارت کے معمار کے طور پر واقعتاً جانا جاتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
U-5565