Responsive image

Press Information Bureau

Government of India

Vice President's Secretariat

کوئی ہندوستانی شہری مخصوص مفادات اور ہند دشمن عناصر کی مذموم سازشوں کا شکار نہ ہو
سردار پٹیل یادگاری خطبات میں نائب صدر جمہوریہ ہند جناب وینکیا نائیڈو کا خطبہ

Posted On :31, October 2017 19:16 IST

نئی دہلی،01۔نومبر ۔ نائب صدر جمہوریہ ہند جناب وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ کوئی بھی ہندوستانی شہری ملک کے اتحاد ویک جہتی کو کمزور کرنے اور دشواریاں پیدا کرنے پر کمر بستہ مخصوص مفادات اور ہند مخالف عناصر کی مذموم سازشوں کا شکار نہ بنے ۔ جناب وینکیا نائیڈو سردار پٹیل یادگاری سالانہ خطبات میں اپنا خطبہ پیش کررہے تھے ۔اس موقع پر کرناٹک کے سابق گورنر جناب ٹی این چترویدی اور دیگر سرکردہ شخصیات بھی موجود تھیں ۔ جناب وینکیا نائیڈو نے اس تقریب میں یوم قومی اتحاد یعنی راشٹریہ ایکتا دوس کی حلف برداری کی رسم بھی انجام دی ۔

جناب وینکیا نائیڈو نے آنجہانی سردار پٹیل کی کامیابیوں اور اقوال کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ہمیں سردار صاحب کی کامیابیوں سے زبردست حوصلہ اورجوش حاصل ہوتا ہے اور ہم اپنے کام کے تئیں عہد بستہ اور خود اعتماد ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سردار صاحب کے نظریات ہم سبھی کے لئے آدرش کی حیثیت رکھتے ہیں ، کیونکہ سردار صاحب نے کہا تھا ،’’ دشوار گزار حالات میں بزدل فرار کا راستہ تلاش کرتے ہیں جبکہ بہادر ان دشواریوں کا مقابلہ کرتے ہیں ۔‘‘بابائے قوم آنجہانی مہاتما گاندھی سے حوصلہ افزائی حاصل کرتے ہوئے سردار صاحب کے نظریات عدم تشدد ، ہنر مندی ،سخت محنت ، اہلیت اور بہترین کارکردگی پر مبنی تھے ۔

نائب صدر جمہوریہ موصوف نے مزید کہا کہ سردار صاحب کی خصوصیات میں قائد سے وفاداری ،وطن سے محبت ،قوم پرستی کی ناقابل تسخیر عہد بستگی اور ہندوستان کے ہمہ جہت رجواڑوں کو مربوط کرنا شامل تھا ۔ انہوں نے اس کام کے لئے کبھی کسی کے عہدے یا حیثیت کی پرواہ نہیں کی ۔ ان کا سب سے بڑا کارنامہ جدید ہندوستان کی چہرہ کاری تھا اور ملک وقوم ،اتحاد ویک جہتی کو یقینی بنانے کے لئے سردار صاحب کی بیش قیمت خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔

ج جناب وینکیا نائیڈو نے مزید کہا کہ مختلف شعبوںمیں ہندوستان کی خوش آئند پیش رفت اور دنیا کی عظیم معیشت کی حیثیت اختیار کرنے کی ہندوستان کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جانی چاہئے اور ہر ہندوستانی شہری کو ملک کے اتحاد ویک جہتی کو مستحکم کرنے کی کوششیں جار ی رکھنی چاہئیں ۔

نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو کی تقریر کے چیدہ چیدہ اقتباسات ذیل میں پیش کئے جاتے ہیں : آج ہم ہندوستان کے مرد آہن اور آزاد ہندوستا ن کے پہلے نائب وزیر اعظم و وزیر داخلہ آنجہانی سردار پٹیل کی جینتی منارہے ہیں ۔اس عظیم شخصیت کو یاد کرنے اور ان کے اقوال اور کامیابیوں کو یاد کرکے ہمیں جوش ،حوصلہ ، کام کے تئیں دلچسپی اور خود اعتمادی حاصل ہوتی ہے۔

حوصلہ افزائی کی حامل اس عظیم شخصیت کو سلام عقیدت پیش کرنے سے ان کی زندگی کے قصوں کو یاد کرنے سے عوام الناس میں اتحاد، یکجہتی ، نگرانی اور ہندوستانیت کے جذبات ابھر آتے ہیں ۔

آنجہانی سردار پٹیل کے نظریات ہم سبھی کے لئے آدرش کی حیثیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا تھا ،’’ دشوار گزار اوقات میں بزدل راہ فرار ڈھونڈتے ہیں جبکہ بہادر لوگ ان کا مقابلہ کرنے اور ان پر قابو پانے کے راستے تلاش کرتے ہیں ۔ آنجہانی سردار صاحب کی بہادر ی کھیڑا کی جدوجہد ،بارڈولی کی مضبوط تحریک ،دیسی ریاستوں کا حکومت ہند میں انضمام میں بخوبی دیکھی جاسکتی ہے ۔ مشہور شاعر جناب ہری ونش رائے بچن نے ان کے بارے میں 1950 میں لکھا تھا ،’’ پٹیل ہندوستان کے نڈر نوجوان ہیں ۔‘‘

اس دور کے ایک اور عظیم شاعر وکوی جناب اوماشنکر جوشی نے کہا تھا ،’’ سردار صاحب کے الفاظ ان کے اقدامات تھے اور بہادری ہی ان کی زرہ تھی ۔ آنجہانی مہاتما گاندھی سے متاثر اس مجاہدآزادی کے آدرشوں میں عدم تشدد ،ہنرمندی ،خود اعتمادی ،اہلیت اور مہارت شامل تھے۔ ‘‘

سردار صاحب کے سبھی کام اور اقدامات ان کی انہی قدروں میں منعکس ہوتے تھے ۔ دشوار سے دشوار کام کو انہوں نے انتہائی ہنر مندی سے مکمل کرکے اپنی مہارت کا ثبوت دیا تھا ، ہاتھ میں ہتھوڑا ،دل میں اعتماد اور عزم محکم اور اقوال میں اپنی حدود کی پاسداری کو ان کے اقدامات میں بخوبی دیکھا جاسکتا ہے ۔وہ کہا کرتے تھے ،’’ بولنے میں اپنی حد پار نہ کرنا ۔ گالیاں دینا تو بزدلوں کو کا م ہے ۔‘‘ ان کے یہ بیش قیمت اقوال آج ملک کے عوام کے لئے قابل تقلید آدرش کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

سردار صاحب کی عظیم شخصیت ،آدرشوں سے عہد بستہ اقدامات ، ترقی پذیر نظریات ہمارے ملک کی بیش قیمت اور بے نظیر وراثت ہیں۔ ہمیں اسی بے نظیر وراثت کی بنیاد پر نئے ہندوستان کی تعمیر کرنی ہے ۔انہی قدروں کی بنیاد پر اہل ،طاقتور اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر کرنا ہے۔

*****


م ن ۔س ش۔ رم
U-5447