Responsive image

Press Information Bureau

Government of India

Ministry of Agriculture & Farmers Welfare

رادھا موہن سنگھ نے سردار بلبھ بھائی پٹیل کے 142ویں یوم پیدائش کے موقع پر راشٹریہ ایکتا دوس کا حلف دلایا

Posted On :31, October 2017 15:11 IST

نئی دہلی، 31اکتوبر  2017، سردار بلبھ بھائی پٹیل کے 142ویں یوم پیدائش کے موقع پر زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر جناب رادھا موہن سنگھ نے آج نئی دہلی میں منعقدہ راشٹریہ ایکتا دوس تقریب میں حصہ لیا۔

جناب رادھا موہن سنگھ نے کہا کہ راشٹریہ ایکتا دوس کو 2014 میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے متعارف کرایا تھا اور اس کا افتتاح کیا تھا۔ اس کا مقصد بلبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے 550 آزاد  رجواڑوں (پرنسلی اسٹیٹس) کو مربوط کرکے ہندوستان کو  ایک متحدہ  قوم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ اسی وجہ سے ہم ہندوستان کے مرد آہن سردار بلبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش 31 اکتوبر کو ہر سال ایکتا دوس کے طور پر مناتے ہیں۔

جناب سنگھ نے کہا کہ ایک عالمی لیڈر ہونے کے باوصف سردار پٹیل ہندوستان کی سیاسی یکجہتی کے بابا ئے آدم تھے ۔  انہوں نے متعدد چھوٹی چھوٹی ریاستوں کے انڈین یونین میں انضمام میں قائدانہ کردار ادا کیا۔ متعدد ریاستیں ان کی رہنمائی اور ترغیب سے ایک ساتھ آئیں اور ایک بڑے اتحاد کی تشکیل کی اور پھر انڈین یونین میں ضم ہو گئیں ۔علاقائیت نے قومیت کی شکل اختیار کی کیونکہ انہوں نے لوگوں سے کچھ بڑا سوچنے اور مضبوط بننے کے لئے کہا ۔

آزادی کے فوراََ بعد ہندوستان کو مربوط کرنے کے لئے سردار پٹیل کے ذریعہ کی گئی کوششوں کا ہی یہ نتیجہ ہے کہ آج ملک کا ہر حصہ جشن منا رہا ہے ۔

وزیر زراعت نے کہا کہ راشٹریہ ایکتا دوس ہمارے ملک کے اتحاد ، یکجہتی اور سلامتی کو درپیش ممکنہ خطرات کے خلاف کھڑےہونے کے لئے  اپنی فطری قوت اور اپنے ملک کے استحکام کے لئے عزم کے اعادے کا ایک موقع ہے ۔ اس سال راشٹریہ ایکتا دوس بڑے پیمانے پر منایا جا رہا ہے ۔ آج کے دن ملک کو متحد رکھنے کے لئے حلف برداری تقریبات ، رن فار یونیٹی یعنی اتحاد کے لئے دوڑ، پوسٹر  اور کوئز مقابلوں اور نمائشوں کا اہتمام کیا گیا تاکہ ہندوستان کی تاریخ کے ایک نازک موڑ پر سردار پٹیل کے رول کو نمایا کیا جا سکے ۔

جناب سنگھ نے بھی کرشی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں ملک کے اتحاد ، یکجہتی اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے لئے  حلف دلایا۔

جناب رادھا موہن سنگھ نے کہا کہ یہ موقع بہت ہی مبارک ہے کیونکہ قوم نہ صرف ہندوستان کی جدوجہد آزادی کی ایک قابل اعتماد شخصیت کے تئیں اظہار تشکر کر رہی ہے بلکہ یہ دن نئی نسل کو ان کے تعلق سے  خواندہ بنا رہا ہے اور انہیں معلومات دستیاب کرا رہا ہے ۔

جناب سنگھ نے کہا کہ گذشتہ سال رن فار یونیٹی کے موقع پر وزیر اعظم نے کہا تھا کہ کوئی بھی شخص کشمیر سے لیکر کنیا کماری تک ، ہمالیہ سے لے کر سمندر تک ترنگے کو لہراتا ہوا دیکھ سکتا ہے ۔ ہم ملک کے طول و عرض میں ترنگے کو لہراتا ہوا دیکھتے ہیں اور اس کا سہرا سردار بلبھ بھائی پٹیل کے سر ہے ۔

وزیر زراعت نے کہا کہ آیئے اس موقع پر ہم عہد کریں کہ ہم ملک کے اتحاد و یکجہتی کے لئے خود کو ایک بار پھر وقف کریں گے  اور اپنے ملک کو مضبوط اور شاندار بنانے کے لئے اجتماعی کوششیں کریں گے ۔

 

*****

 

  م ن۔م م ۔ع ج

(31-10-17)

U: 5432