independenceday-2016

Press Information Bureau

Government of India

Prime Minister's Office

71ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعے کی فصیل سے وزیراعظم کا قوم سے خطاب

Posted On :15, August 2017 10:37 IST

نئی دہلی، 15؍اگست؍ آج 71ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعے کی فصیل سے وزیراعظم جناب نریندرمودی نے قوم سے خطاب کیا۔

وزیراعظم نے ایسی عظیم خواتین اور مردوں کو یاد کیا، جنہوں نے ہندوستان کی آزادی کیلئے سخت محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے عوام قدرتی آفات سے متاثرہ افراد اور گورکھپورکے سانحے سے متاثرہ افراد کے ساتھ شانے سے شانہ ملا کر کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال اس لئے اہم ہے کہ یہ بھارت چھوڑو تحریک کی 75ویں سالگرہ ہے، ستیہ گرہ، تحریک کی 100ویں اور بال گنگا دھر تلک کی تحریک پر منائےجانےوالے ‘‘ساروجنک گنیش اُتسو’’ کی 125ویں سالگرہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم نے 1942 اور 1947 کےدرمیان اپنی مجموعی طاقت کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں ہندوستان کو آزادی ملی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 2022 تک ایک نئے ہندوستان کی تشکیل کیلئے ویسے ہی اجتماعی عزم و استقلال کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے ملک میں سب برابر ہیں اور ہم سب مل کر ایک معیاری تبدیلی لا سکتے ہیں۔

وزیر اعظم نے سہل پسندی کے ‘‘ چلتا ہے’’ رجحان کو ختم کرنے اور اس کی جگہ مثبت تبدیلی کیلئے ‘‘ بدل سکتا ہے’’ کےرجحان کو لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

جناب نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان کی سلامتی ہماری ترجیح ہے اور سرجیکل اسٹرائیک سے یہ بات واضح ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیامیں ہندوستان کا مقام بلند ہو رہا ہے اور کئی ممالک دہشت گردی کی لعنت سے جنگ میں ہندوستان کے ساتھ تعاون کر رہے۔ نوٹ بندی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک اور غریبوں کو لوٹا ہے ، وہ آج سکون کے ساتھ ن ہیں سو سکتے ہیں، جبکہ آج ایمانداری جشن منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالے دھن کیخلاف جنگ جاری رہے گی اور شفافیت لانے کیلئے ٹیکنالوجی کی مدد حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے ڈیجیٹل لین دین کو مزید فروغ دینے کیلئے عوام کی حوصلہ افزائی کی۔

جی ایس ٹی کے نفاذ کو وزیراعظم نے تعاون پر مبنی وفاقیت کاایک اہم اظہار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی شمولیت کے اقدامات کے ذریعے غریب قومی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھی حکمرانی کا تعلق رفتار اور طریقۂ کار کو آسان بنانے سے ہے۔ جموں و کشمیر کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کے مسائل نہ گالیوں سے نہ گولیوں بلکہ گلے لگانے سے حل ہو سکتے ہیں۔

نئے ہندوستان کے اپنے نظریئے کی وضاحت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نظام لوگوں سے چلتا ہے، لوگ نظام سے نہیں۔

وزیراعظم نے، اس سال ریکارڈ فصل پیداوار کیلئے کسانوں اور زرعی سائنسدانوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال حکومت نے 16 لاکھ ٹن دالیں مہیا کی ہیں، جو گزشتہ برسوں میں مہیا کرائی گئی دالوں کی مقدار سے کہیں زیادہ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے روپ کے نتیجے میں روزگار کیلئے مختلف قسم کے ہنروں (اسکل –سیٹ) کی ضرورت سامنے آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی تربیت ، نوکری دینے والے کے طور پر کی جا رہی ، نوکری تلاش کرنے والوں کے طور پر نہیں۔

تین طلاق کے سبب مسائل سے نبردآزما خواتین کا ذکر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایسی خواتین کی داد دیتے ہیں، جو اس رواج کیخلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سارا ملک ان کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان، امن اتحاد اور اتفاق میں یقین رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذات پات کا نظام اور فرقہ واریت کوئی مدد نہیں کرے گا۔ انہوں نے عقیدے کے نام پر تشدد کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ہندوستان میں اسے برداشت نہیں کیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹ انڈیاموومنٹ، بھارت چھوڑو تحریک تھی، لیکن آج یہ بھارت جوڑو تحریک بن گئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہماری خصوصی توجہ مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بغیر سست روی کے ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔

ویدوں کے شلوک کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم صحیح وقت پر صحیح قدم نہیں اٹھائیں گے، تو ہمیں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ یہی صحیح وقت ہے ‘‘ ٹیم انڈیا’’ کو نئے بھارت کو تعمیر کرنے کی۔

وزیراعظم نے ایسے نئے ہندوستان کی تمنا کی ، جہاں غریبوں کے پاس مکان ہوں ، پانی اور بجلی تک ان کی رسائی ہو، جہاں کسان فکر مندیوں سے آزاد ہوں اور وہ آج سے دو گنا زیادہ کماسکیں، نوجوانوں اور خواتین کے پاس اپنے خوابوں کی تکمیل کیلئے وافر مواقع ہوں، ایک ایسا نیا ہندوستان، جو دہشت گردی، فرقہ پرستی، ذات پات، بدعنوانی، بھائی بھتیجہ واد سے پاک ہو، ایک ایسا ہندوستان جو صاف ستھرا اور صحت مند ہو۔

وزیراعظم نے اس موقع پر بہادری کا انعام حاصل کرنے والوں کے اعزاز میں ایک ویب سائٹ لانچ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

(15.08.2017)

) م ن ۔ اگ۔ ش ت ۔ ک ا (

U- 4021